اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ وزارت خزانہ اور وزارت بجلی توانائی شعبہ کے مسائل کے پائیدارحل کیلئے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کرکام جاری رکھیں گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری کے ہمراہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفدکی قیادت کمپنی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر مسٹر لیانگ کررہے تھے ۔ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے وفد نے وزیر خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کمپنی کے آپریشنز اور واجب الادا وصولیوں کی وجہ سے درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاور چائنا چین کی ایک بڑی سرکاری کمپنی ہے اور پاکستان کی توانائی کی مارکیٹ میں کلیدی سرمایہ کار ہے۔ کمپنی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام اوربجلی کے شعبہ کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وزیر خزانہ نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی اور دیگر چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو تسلیم کرتی ہے اور اسے سراہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ اور وزارت توانائی پاور سیکٹر کے مسائل کے پائیدار حل تلاش کرنے اور ان پر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام جاری رکھیں گی۔وفد نے تعمیری آراء اور تعاون پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کے سربراہ نے بجلی کے شعبہ کے مسائل کو حل کرنے کے طریقوں پر کام کرنے کے لیے کمپنی کے مکمل تعاون کی پیشکش بھی کی۔