اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وزارت خزانہ کے ترجمان ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا ہے کہ پاکستان بناﺅ سرٹیفکیٹس حکومت پاکستان کی مکمل ضمانت کے تحت سرمایہ کاری کرنے کا سنہری موقع ہے۔ جمعہ کو جاری ایک بیان میں ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ 5 ہزار ڈالر یا اس سے زائد مالیت کے پاکستان بناﺅ سرٹیفکیٹس کا اجراءکیا گیا ہے، ان کی میچوریٹی تین یا پانچ سالوں تک محیط ہے۔ 3 سالہ سرٹیفکیٹ کی شرح منافع 6.25 فیصد جبکہ 5 سالہ سرٹیفکیٹ کی شرح منافع 6.75 فیصد ہو گی۔ ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ ریڈیمپشن کی سہولت امریکی ڈالر یا پاکستانی روپیہ کی صورت میں حاصل ہو گی، نفع کی ادائیگی سرمایہ کار کے نامزد کردہ پاکستان میں موجود یا بیرون ملک ڈالر اکاﺅنٹ میں کی جائے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یہ سرٹیفکیٹ 30 جون 2019ءتک دستیاب ہوں گے۔ اس سرٹیفکیٹ کے خصوصی فوائد میں اس پر ودہولڈنگ ٹیکس کی عدم ادائیگی اور زکوة کی لازمی کٹوتی کا نہ ہونا ہے۔