وزارت داخلہ کا ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اضافی پاسپورٹ منسوخ کروانے کے لئے ایمنسٹی دینے کا فیصلہ

142

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزارت داخلہ نے ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اضافی پاسپورٹ منسوخ کروانے کے لئے ایمنسٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت دوہرے پاسپورٹ کے حامل شہریوں کو 90 روز کی مہلت دی جائے گی جبکہ وزیر داخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو اس سلسلہ میں سمری تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جو کابینہ کو بھجوائے جائے گی۔

وزارت داخلہ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق اس سلسلہ میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیرصدارت اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکر ٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور ڈی جی پاسپورٹ ڈاکٹر نعیم رئوف شریک ہوئے۔ وزارت داخلہ کو دوہرے پاسپورٹ کی 1629 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جو پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے التواء کا شکار ہیں۔

ایمنسٹی کے حوالہ سے حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو کابینہ کیلئے سمری تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایمنسٹی سکیم کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کر لئے گئے۔ دوہرے پاسپورٹ ایمنسٹی سکیم کیلئے درخواست گزاروں کو صرف ایک پاسپورٹ رکھنے کی اجازت ہوگی۔

سکیم کے تحت ایک سے زائد پاسپورٹ منسوخ کروانے کیلئے 90 روز کی مہلت دی جائے گی۔ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے افراد کے کیسز ایف آئی اے کو بھجوا دیئے جائیں گے۔ موجودہ قانون میں ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کی سزا کم از کم تین سال کی جیل ہے۔ایمنسٹی سکیم سے ایک سے زائد ناموں والے پاسپورٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا۔ ماضی میں چھ ایمنسٹی سکیموں کے ذریعے 12 ہزار پاسپورٹ کی کلیرنس کی جا چکی ہے۔