وزارت داخلہ کا جعلی پاسپورٹ معاملے کا نوٹس، ڈی جی پاسپورٹ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل ، نوٹیفکیشن جاری

187

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وزارت داخلہ نے سعودی عرب کی جانب سے 12ہزار 96 جعلی /بوگس پاسپورٹ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی سربراہی میں 5 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے ، یہ کمیٹی 15یوم میں پاسپورٹ کے اجرا میں کوتاہی ، ملی بھگت ، نادرا ، پاسپورٹ ، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کریگی۔

وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے 12 ہزار 96 جعلی پاسپورٹ معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈپاسپورٹ مصطفی جمال قاضی انکوائری کمیٹی کے سربراہ ہونگے جبکہ وزارت داخلہ میں ایف آئی اے کے ڈپٹی سیکرٹری ، ایف آئی اے بی ایس 19 کا نمائندہ ، نادرا کا سینئر افسر کمیٹی کا ممبر جبکہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ شعبہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔

انکوائری کمیٹی جعلی پاسپورٹ اجرا میں کوتاہی کرنے والوں کا تعین کرنے ،پاکستان سے سعودی عرب روانگی تک ان افراد کو مختلف اداروں کی جانب سے کلیئر کیے جانے ،نادرا ، محکمہ پاسپورٹ اور ایف آئی اے کے ذمہ داروں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے تجاویز مرتب کرے گی ۔یہ کمیٹی ان امور کا جائزہ لینے کے بعد 15 یوم میں وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کریگی ۔