وزارت داخلہ کا پنجاب اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

107
Ministry of Interior
Ministry of Interior

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وزارت داخلہ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان قائم کرنے اور راستے کھولنے کے حوالے سے چیف سیکرٹریز کو ہدایات جاری کردیں۔

منگل کو وزارت داخلہ نے پنجاب اور کے پی کے کے چیف سیکرٹریز کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ چھوٹے چھوٹے جتھوں نے موٹر ویز،ہائی ویز اور لنک روڈز بلاک کر رکھے ہیں، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ،پولیس امن و امان برقرار رکھنے اور راستے کھلوانے کی بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔

مظاہرین نے عوام کی نقل و حرکت کو بند کر رکھا ہے جو آئین کے آرٹیکل 15 کی خلاف ورزی ہے۔صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہیں اور اس کا انجام خطرناک ہو سکتا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتیں فوری طور پر احتجاج ختم کروائیں اور موٹرویز سمیت دیگر راستے کھلوائیں۔