15.5 C
Islamabad
منگل, مارچ 11, 2025
ہومقومی خبریںوزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان کے تحقیقی و اختراعی منظر نامے...

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان کے تحقیقی و اختراعی منظر نامے کو تبدیل اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم پیش رفت کی ہے، رپورٹ

- Advertisement -

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان کے تحقیقی اور اختراعی منظر نامے کو تبدیل کرنے، اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور عالمی تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔ پیر کو ایک رپورٹ کے مطابق وزارت نے فروری 2024 سے اہم اصلاحات نافذ کی ہیں جس کے نتیجے میں اربوں ڈالر کے درآمدی متبادل، برآمدات میں اضافہ اور گورننس کو بہتر بنایا گیا ہے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی طلب پر مبنی تحقیق اور صنعت کے تعاون نے برآمدات میں 1 ارب ڈالر کا اضافہ کیا اور غیر ملکی زرمبادلہ کی نمایاں بچت کی جس سے ملکی معیشت کو بڑا فروغ ملا۔ وزارت نے 166 ملین ڈالر مالیت کے سائٹرس کی برآمدات میں سہولت فراہم کی، اہم ماحولیاتی تحقیق جبکہ قومی ترقی کے لیے سائنس کی حمایت یافتہ حل کے لیے اپنی وابستگی کو ظاہر کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام میں اے آئی ٹیکنالوجی کی تعیناتی میں سہولت پیدا کی۔

وزارت کی تنظیم نو نے کارکردگی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، کئی ماتحت اداروں کی اصلاح کی گئی یا انہیں بند کرنے کی سفارش کی گئی۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک ہزارسے زیادہ صنعتی کلائنٹس کو فعال طور پر سپورٹ کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پاکستان کی صنعتیں جدید تحقیق اور تکنیکی ترقی سے مستفید ہوں۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے علم کے تبادلے اور تکنیکی شراکت کو فروغ دیا، 12 عالمی معاہدوں پر دستخط کیے جبکہ 120 نئے سٹارٹ اپس کے قیام نے پاکستان کو جدت اور انٹرپرینیورشپ کے ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر مزید اہم مقام دیا۔ رپورٹ کے مطابق تجارتی اور صنعتی معیارات کو ہموار کرنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو پاکستان سنگل ونڈو میں ضم کردیا گیا ہے تاکہ تجارت میں آسانی پیدا ہوسکے۔

- Advertisement -

دریں اثنا، پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل نے 300 نئے معیارات تیار کیے اور درآمدات کے لیے رسک مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنایا جس سے مصنوعات کی بہتر تعمیل اور معیار کو یقینی بنایا گیا۔ عوامی مشغولیت اور تعلیم وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اقدامات میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، حالیہ عرصہ میں سائنس کے بارے میں آگاہی کے پروگرام میں شرکاءکی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری کا 52,994 سے زائد طلباءاور 97,365 عام لوگوں نے دورہ کیا۔ سائنس کاروان کی نمائشوں میں 93,437 افراد نے حصہ لیا جبکہ 3,500 سائنسدانوں، طلباءاور پیشہ ور افراد نے عالمی یوم سائنس کی تقریبات میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ مستقبل میں انجینئرز اور سائنسدانوں کی تیاری کے لئے پاکستان انجینئرنگ کونسل نے کریش کورسز اور سیمینارز کا انعقاد کیا جس میں 450 انجینئرز کو پیشہ ورانہ مہارت کی ترقی کی تربیت دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سائنس اور ٹیکنالوجی کی تنظیموں نے ہنر مندی پر مبنی انٹرنشپ پروگرام متعارف کرائے گئے تاکہ نوجوان پیشہ ور افراد ابھرتے ہوئے شعبوں میں تجربہ حاصل کریں۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی اصلاحات بہتر حکمرانی، شفافیت اور ادارہ جاتی کارکردگی کا باعث بنی ہیں۔ غیر فعال تنظیموں کی بحالی اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کو یقینی بنانے سے پاکستان کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ماحولیاتی نظام کو تقویت ملی ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو کے ساتھ امپورٹ انسپیکشنز کے لیے مربوط رسک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ نے تجارتی ضوابط کو مزید ہموار کیا ہے۔ ان اصلاحات کے نتیجے میں معاشی خود انحصاری، مضبوط سفارتی تعلقات اور بہتر کاروباری ماحول پیدا ہوا ہے۔ نئی پالیسیوں نے پروڈکٹ کوالٹی کنٹرول اور تجارتی سہولت میں اضافہ کیا ہے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اقدامات کو ماہرین اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ انجینئر ڈاکٹر وسیم اشرف، جی سی یو لاہور میں ایچ او ڈی الیکٹرانکس انجینئرنگ نے پی ای سی کی جنریٹو اے آئی ٹریننگ کو سراہتے ہوئے اسے ”انجینئرز کو مستقبل کے لیے تیار مہارتوں سے آراستہ کرنے میں انتہائی موثر اور ایک اہم قدم“ قرار دیا ہے۔

دریں اثناءای آر پی کے نفاذ کے ذریعے پاکستان حلال اتھارٹی کی ڈیجیٹل تبدیلی کو ”پاکستان میں حلال برآمدی صنعت کے لیے ایک گیم چینجر“ قرار دیا گیا ہے جو ملک کی عالمی مسابقت کو بڑھانے میں اس کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان کو تحقیق، اختراعات اور تکنیکی ترقی میں ایک اہم حیثیت دینے کے وژن کے ساتھ اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان اے آئی، صنعتی معیارات اور سائنسی تحقیق میں مسلسل ترقی کر رہا ہے، وزارت سائنس و ٹیکنالوجیکی کوششیں پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے ترقی اور خود انحصاری کے ایک نئے دور کا اشارہ دیتی ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570952

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں