وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ جمعرات کو این ڈی ایم اے کے حوالے کردی جائے گی’ آئندہ مالی سال کے دوران حکومت اور اپوزیشن کو ملک کی خاطر کم سے کم نکات پر مبنی ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض کا جواب

144

اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ جمعرات کو این ڈی ایم اے کے حوالے کردی جائے گی’ آئندہ مالی سال کے دوران حکومت اور اپوزیشن کو ملک کی خاطر کم سے کم نکات پر مبنی ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں آغا حسن بلوچ اور اسلم بھوتانی کی طرف سے سردار اختر مینگل کے حوالے سے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے بیان کے حوالے سے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی زعماء انتہائی قابل احترام ہیں۔ نئے سال کی ابتداء ہونے جارہی ہے اس میں ہمیں تمام تر توجہ اصلاحات پر مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سٹاک ایکسچینج حملہ کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے دہشتگردی کے منصوبے کو ناکام بنایا۔ ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ 26 فروری کو کورونا کا پہلا کیس پاکستان میں سامنے آیا۔ اس وقت پاکستان میں کچھ بھی نہیں بنایا جارہا تھا۔ہم تمام چیزیں ہم امپورٹ کر رہے تھے۔ پانچ مارچ کو ہم نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ” میڈ ان پاکستان” منصوبے پر کام شروع اب ہم یہ تمام اشیاء برآمد کر رہے ہیں۔ پاکستان میں ہم نے اپنے میڈ ان پاکستان وینٹی لیٹر بنائے ہیں۔ پہلی کھیپ جمعرات کو این ڈی ایم اے کے حوالے کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیزیں باہر سے منگوائیں گے تو قیمتیں زیادہ ہوں گی۔ پاکستان کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز کی قیمتیں باہر سے آنے والے وینٹی لیٹرز کے مقابلے میں ایک تہائی ہے۔ پاکستان کے ہونہار طلباء و طالبات ہمارا اصل سرمایہ ہیں۔ اس طبقہ پر خرچ ہونا چاہیے۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ سال حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کم سے کم نکات پر متفقہ ایجنڈا ترتیب دینا چاہیے۔ ہمیں عدالتی اصلاحات اور نیب کے قانون میں اصلاحات لانی چاہئیں۔