وزارت صحت آج سے ملک بھر میں عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات منارہی ہے،وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل

206
عبد القادر پٹیل

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ وزارت تمام صوبوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ملک بھر میں آج سے عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات منارہی ہے، بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنار ہے ہیں۔

پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت محفوظ اور موثر ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، والدین اپنے دو سال سے کم عمر بچوں کو بارہ مہلک بیماریوں سے بچائو کے ٹیکے ضرور لگوائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے پر عزم ہے،دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں ویکسی نیشن کے لیے فرنٹ لائن ورکرز کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن بیماریوں کے خلاف ایک محفوظ اور مؤثر طریقہ ہے جس سے بچے بہتر اور صحت مند زندگی بسر کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ پولیو آج بھی بہت سارے بچوں کے مستقبل کے لیے خطرہ ہے، عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات میں بچوں تک پولیو کے حفاظتی قطروں کی رسائی یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو بیماریوں اور وباؤں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے