اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وزارت صحت نے معیاری ادویات کی فراہمی اور جعلی ادویات کی روک تھام کے لئے ڈرگ انسپکٹرز کی تعداد میں اضافہ کر دیا اور اس حوالے سے قومی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔ وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق معیاری ادویات کی دستیابی کے پیش نظر ڈریپ ایکٹ 2012 ءپر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ڈرگ انسپکٹرز کی تعداد 14 سے بڑھا کر 21 کر دی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بارکوڈنگ سسٹم کو نوٹیفائی کیا ہے تاکہ ہر مرحلے پر جعلی ادویات کا بروقت پتہ اور سراغ لگایا جا سکے جبکہ ادویات کے اندراج کا قانونی طریقہ کار بین الاقوامی ہدایات کے مطابق اپ گریڈ کیاگیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے صوبائی محکمہ صحت کے ساتھ روابط بڑھائے ہیں اور جعلی اور غیر اندراج شدہ ادویات کے خاتمے کے لئے قومی ٹاسک تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی دستیابی کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ نگرانی کر کے اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ضروری ادویات ملک میں دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈریپ تیار کنندہ اور درآمد کنندہ کی وجہ سے ادویات کی قلت سے بچنے کے لئے ہمیشہ محتاط رہی ہے اور ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے تیار کنندہ اور درآمد کنندگان سے مسلسل رابطے میں رہتی ہے۔