وزارت قانون نے جسٹس محمد شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس عالیہ نیلم کی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

117

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزارت قانون وانصاف نے جسٹس محمد شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس عالیہ نیلم کی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ۔وزارت قانون وانصاف کی جانب سے بدھ کو اس حوالہ سے علیحدہ علیحدہ نوٹیفیکیشنز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائمقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کی جج جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ صدر مملکت نے تعیناتیوں کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 اے (13) کے تحت دی ہے۔