اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وزارت قانون و انصاف نے مختلف ہائی کورٹس سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ترقی پانے والے چھ ججوں کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔جمعرات کو وزارت قانون و انصاف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 175A کی شق کے ساتھ پڑھے گئے آرٹیکل 177 کی شق (I) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے صدر پاکستان نے سپریم کورٹ میں یہ تقرریاں کیں ۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں نوتعینات ججز میں جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ چیف جسٹس ہائی کورٹ بلوچستان، جسٹس محمد شفیع صدیقی چیف جسٹس ہائی کورٹ سندھ، جسٹس صلاح الدین پنہور سینئر جج ہائی کورٹ سندھ، جسٹس شکیل احمد جج پشاور ہائی کورٹ، جسٹس عامر فاروق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اشتیاق ابراہیم شامل ہیں۔
اسی طرح وزارت قانون و انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی سپریم کورٹ آف پاکستان کے قائم مقام جج کے طور پر تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے جس کا اطلاق ان کے عہدے کا حلف اٹھانے کی تاریخ سے ہوگا۔