اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وزارت مذہبی امور اور زونگ موبائل نیٹ ورک کے درمیان حج 2025 کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت تمام سرکاری سکیم کے عازمین کو خصوصی سمز فراہم کی جائیں گی ۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق معاہدے پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن اور زونگ کمپنی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو ) پر دستخط کئے گئے جس کے تحت ایک لاکھ سے زائد سرکاری عازمینِ حج کو خصوصی موبائل سِمز فراہم کی جائیں گی۔ ان سِمز میں 8 جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا، انٹرنیشنل و لوکل کال منٹس اور میسجز کی سہولیات شامل ہوں گی۔ اس اقدام کا مقصد عازمینِ حج کو پاکستان اور سعودی عرب میں بہتر اور باکفایت رابطے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
زائرین ان سِمز کے ذریعے واٹس ایپ کالز کے ذریعہ اپنے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں رہ سکیں گے۔ یہ سِمز رپورٹنگ حاجی کیمپ میں روانگی سے دو دن قبل دیگر ضروری دستاویزات کے ساتھ فراہم کی جائیں گی۔ معاہدے کے تحت زونگ کمپنی حاجی کیمپوں میں معاونت کے لئے اپنے بوتھ قائم کرے گی جبکہ کمپنی کے نمائندے سعودی عرب میں بھی موقع پر عازمین کو مدد فراہم کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589111