وزارت مذہبی امور نے حج لیبر کوٹہ پر کم آمدنی والے 300 ملازمین کی 15 جنوری تک نامزدگیاں طلب کر لیں

144

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے حج لیبر کوٹہ پر کم آمدنی والے 300 ملازمین کی 15 جنوری تک نامزدگیاں طلب کی ہیں ۔ درخواستیں مقررہ تعداد سے تجاوز کر نے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا ۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق حج پالیسی 2025 میں لیبر کوٹہ کے لیے 300 نشستیں مخصوص ہیں جس میں پبلک اور کارپوریٹ سیکٹر کے سکیل 1 تا 9 کے مساوی ملازمین، مزدور، صنعتی کارکن اور کان کن اہل ہوں گے۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق لیبر کوٹہ پر منتخب ہونے والے کم آمدن والے ملازمین کے حج اخراجات سماجی ذمہ داری کے تحت ان کا متعلقہ ادارہ برداشت کرے گا۔ کارپوریٹ اداروں کاایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوٹ (ای او بی آئی)، ورکرز ویلفیئر فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) سے رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔

وزارت نے کہا ہے کہ خواہشمند ادارے ورکرز ویلفیئر فنڈ کو 15 جنوری تک مجوزہ فارم پر نامزدگیاں جمع کروائیں۔وزارت نے ایک دوسرے خط میں وفاقی و صوبائی وزارتوں سے منسلک اداروں کی نامزدگیاں ان کی متعلقہ وزارت کے ذریعے مذہبی امور کو 15 جنوری تک بھجوانے کی ہدایت جاری کی ہے ۔

ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ لیبر کوٹہ کے تحت درخواستیں زیادہ موصول ہونے کی صورت میں 3 سو نشستوں پر قرعہ اندازی کی جائے گی۔