وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی میڈیا سے گفتگو

146
APP63-12 ISLAMABAD: March 12 - Federal Minister for Religious Affairs and Interfaith Harmony Noor-ul-Haq Qadri briefs the media persons during Hajj balloting 2019 at Ministry of Religious Affairs. APP Photo by Irshad Sheikh

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے رواں سال 2019ءمیں سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جن میں سے 90 ہزار 924 کو بذریعہ قرعہ اندازی جبکہ 16 ہزار 602 کا بغیر قرعہ اندازی کے انتخاب کیا گیا ہے۔ منگل کو وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے بٹن دبا کر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا افتتاح کیا اور تین خوش نصیبوں کراچی سے محمد وسیم احمد، پشاور سے خوش دل خان اور اسلام آباد سے محمد شاہنواز خان کے نام قرعہ اندازی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور آفتاب جہانگیر، سیکرٹری وزارت مذہبی امور محمد مشتاق احمد اور دیگر حکام ان کے ہمراہ تھے۔ وزارت کو سرکاری حج سکیم کے تحت ملک بھر سے مجموعی طور پر دو لاکھ 16 ہزار 623 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ان سے پاکستان کو ”روڈ ٹو مکہ“ منصوبہ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر انہوں نے بروقت احکامات دیئے اور پاکستان کو ”روڈ ٹو مکہ“ منصوبہ میں شامل کر لیا گیا ہے جس کے بعد کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے جانے والے حجاج کرام کی کسٹم اور امیگریشن کی سہولیات پاکستانی ایئرپورٹس پر میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی طرف سے سعودی حکومت سے حج کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس پر انہوں نے پانچ ہزار کوٹہ بڑھا دیا تھا اور ان کے کوٹہ بڑھانے کے بعد رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت کی حاصل کر سکیں گے جس میں 60 فیصد سرکاری سکیم جبکہ 40 فیصد پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے ذریعے ہوں گے۔ تاہم سعودی حکومت کی طرف سے 16 ہزار کوٹہ مزید بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا نوٹیفکیشن تاحال وزارت کو موصول نہیں ہوا، نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد اس 16 ہزار کوٹہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مسلسل تین سال سے قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے 12 ہزار 251 حجاج کو بغیر قرعہ اندازی کے شامل کر لیا گیا ہے، اس کے علاوہ دو ہزار 238 اسّی سال سے زائد بزرگ شہریوں کو ان کے محرم افراد کے ساتھ، 1613 ہارڈ شپ کوٹہ کے تحت جبکہ 500 لیبر کوٹہ کے تحت شامل کیا گیا ہے جن کی مجموعی تعداد 16 ہزار 602 بنتی ہے جبکہ 90 ہزار 924 درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ www.hajjinfo.org پر خوش نصیب درخواست گزاروں کا نام اپ لوڈ کر دیا جائے گا، اس کے علاوہ کامیاب ہونے والے اور رہ جانے والے درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ درخواست گزار واٹس ایپ نمبر 0306-3332555 سے بھی معلومات لے سکتے ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہم نے قرعہ اندازی کا نہایت شفاف انداز سے تھرڈ پارٹی کے ذریعے انعقاد کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی میں رہ جانے والے درخواست گزاروں کو ناکام نہیں کہوں گا بلکہ انہیں انتظار کرنے والا کہوں گا، جب اللہ کی طرف سے انہیں بلاوا آئے گا تو وہ بھی حج کی سعادت حاصل کر لیں گے۔ اس موقع پر وزارت کے ترجمان کی طرف سے بتایا گیا کہ وزارت کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 16 ہزار 623 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 48 ہزار 72 درخواستیں کراچی سے، 43 ہزار 292 درخواستیں اسلام آباد، 38 ہزار 49 لاہور سے، 35 ہزار 340 پشاور سے، 18 ہزار 573 ملتان، 10 ہزار 39 سیالکوٹ، 9 ہزار 708 کوئٹہ، 8 ہزار 801 نے فیصل آباد، 3 ہزار 249 نے سکھر اور 1500 درخواست گزاروں نے رحیم یار خان سے سعودی عرب جانے کی درخواست کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موصول ہونے والی درخواستوں میں سب سے زیادہ درخواستیں حبیب بینک میں 42 ہزار 457، مسلم کمرشل بینک میں 40 ہزار 700، میزان بینک میں 30 ہزار 654، یونائیٹڈ بینک میں 27 ہزار 987، نیشنل بینک آف پاکستان میں 20 ہزار 701، الائیڈ بینک میں 18 ہزار 633، بینک الحبیب میں 7 ہزار 499، بینک آف پنجاب میں 7 ہزار 13، بینک الفلاح میں 5 ہزار 233، زرعی ترقیاتی بینک میں 4 ہزار 598، عسکری بینک میں 3 ہزار 899، حبیب میٹرو پولیٹن بینک میں 3 ہزار 129، دبئی اسلامک بینک میں 2 ہزار 101 اور فیصل بینک میں 2 ہزار 19 درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ درخواست گزاروں میں ایک لاکھ 23 ہزار 700 مرد جبکہ 92 ہزار 923 خواتین شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح صوبوں کے اعتبار سے درخواست گزاروں میں 2316 نے آزاد جموں و کشمیر، 10 ہزار 258 نے بلوچستان، 4 ہزار 314 نے فاٹا، 2 ہزار 422 نے گلگت بلتستان، 6 ہزار 412 نے اسلام آباد، 40 ہزار 752 نے خیبرپختونخوا، ایک لاکھ 806 نے پنجاب سے اور 49 ہزار 343 نے سندھ سے درخواستیں جمع کرائیں۔