وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت 87813 حج درخواستوں کی قرعہ اندازی کردی

76

اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت کامیاب حج درخواست گزاروں کا اعلان کر دیا ہے۔ رواں سال پرائیویٹ اور سرکاری سکیموں کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ وفاقی کابینہ کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے کل کوٹہ کے پچاس فیصد کی قرعہ اندازی کی ہے۔ بقیہ 17 فیصد درخواست گزاروں کا انتخاب عدالتی فیصلہ کے بعد کیا جائے گا۔ جمعرات کو سرکاری سکیم کے تحت حج قرعہ اندازی وزارت مذہبی امور میں ہوئی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ مہمان خصوصی تھے۔ رواں سال حج پالیسی کے تحت سرکاری سکیم کے لئے 67 فیصد جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 33 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا تاہم اس فیصلے کو حج ٹور آپریٹرز نے لاہور، سندھ اور سکھر ہائی کورٹس میں چیلنج کر کے حکم امتناعی حاصل کر لیا جس پر 26 جنوری کو ہونے والی قرعہ اندازی کا عمل روک دیا گیا۔ بعد ازاں وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی کہ 50 فیصد کی قرعہ اندازی کر لی جائے بقیہ 17 فیصد کا فیصلہ عدالتی فیصلے کے بعد کیا جائے۔