وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا ناموس رسالت ﷺکی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے 15 مارچ کو ’’یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺ ‘‘منانے کا فیصلہ

101

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے معاشرے میں ناموس رسالت ﷺکی اہمیت کو اجاگر کرنے اور سوشل میڈیا پر موجود متنازعہ توہین آمیز موادکی روک تھام کے لئے 15 مارچ( ہفتہ کو) ’’یوم تحفظ ِ ناموسِ رسالت ﷺ ‘‘منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ عوامی آگہی کاآغاز کریں۔

یہ بات بدھ کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ نہ صرف مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شخصیت ہیں بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی انہیں ایک عظیم شخصیت کے طور پر دیکھتے اور جانتے ہیں۔ رسول اکرم ﷺکا ادب اور احترام کرنا ایمان کا لازمی جز وہے ۔

خاتم النبیّین حضرت محمد رسول اللہ ﷺکی شان میں کسی بھی صورت میں گستاخی یا بے حرمتی نہ صرف اسلام بلکہ ’’تعزیرات پاکستان سیکشن 295 -سی‘‘ کے تحت سنگین ترین جرم ہے جس کی سزا صرف اور صرف سزائے موت ہو سکتی ہے ۔میری ملک بھر کے علماء و خطباء حضرات سے گذارش ہے کہ جمعہ کے خطبات میں تحفظ ناموس رسالت ﷺ کی اہمیت سے متعلق آگہی دی جائے۔ میں عوام الناس خصوصا نوجوان نسل سے اپیل کرتا ہوں کہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے کسی قسم کے گستاخانہ مواد کو پوسٹ کرنے یا شیئر کرنے سے گریز کریں نیز ایسے کسی بھی متنازعہ مواد کی شکایت وزارت مذہبی امور کے آن لائن پورٹل پر کریں۔