وزارت مذہبی امور کا سیرت النبی اور نعتیہ کتب پر کل پاکستان مقابلے کا اعلان

103

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے سیرت النبی اور نعتیہ کتب پر کل پاکستان مقابلے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت سیرت کی کتب پر تحریر کی جانے والی کتابوں پر 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک کے تین انعامات، نعتیہ کتب پر 35 ہزار سے 50 ہزار روپے تک کے تین انعام، خواتین کے لیے اسلامی موضوعات پر لکھی گئی کتب پر 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کے تین انعامات دیے جائیں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سیرت النبی پر ہر علاقائی زبان میں لکھی گئی کتاب پر 35 ہزار روپے کا ایک انعام دیا جائے گا۔ قومی زبان میں بچوں کے لیے تحریر کردہ سیرت النبی پر کتب کے لیے 30 ہزار سے 50 ہزار روپے تک کے تین انعامات، عربی اور انگریزی میں سیرت پر تحریر کردہ کتب پر 40 ہزار سے 75 ہزار روپے تک کے تین انعامات مختص کیے گئے ہیں۔ سیرت و نعت پر رسائل یا مجلات پر 20 ہزار سے 30 ہزار روپے تک کے تین نقد انعامات دیے جائیں گے۔ مقابلے میں شرکت کے لیے کتب 29 مارچ 2019ءتک وزارت مذہبی امور کو بھجوانی لازمی ہوں گی۔