اسلام آباد ۔یکم فروری(اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگراموں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طورپر11 ارب 80 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائدکے فنڈز جاری کردیے ہیں، حکومت نے ہائر ایجوکیشن کے ترقیاتی کاموں کے لیے رواں مالی سال 30 ارب 96 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈزمختص کیے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے پشین اور خضدار میں خواتین یونیورسٹیز کے قیام کے لئے 8 کروڑ، سکھر آئی بی اے کی اپ گریڈیشن کے لیے 5 کروڑ 36 لاکھ، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کے لیے 5 کروڑ، یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ کے لیے 5 کروڑ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے لیے 5 کروڑ، نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے8 کروڑ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے لیے4 کروڑ 60 لاکھ، پسماندہ علاقوں میں یونیورسٹیوں کے قیام کے لیے 10 کروڑ، یونیورسٹی آف گجرات کے لیے 10 کروڑ، ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کے لیے 8 کروڑ، ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈز کے لیے 16 کروڑ، پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے لیے 20 کروڑ، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے لیے 11 کروڑ 58 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیے ہیں۔