وزارت منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات نے خواتین پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کا آغاز کر دیا

142
احسن اقبال
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کی طرح پاکستان سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں بھی نا قابل شکست رہا ہے، احسن اقبال

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزارت منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات نے خواتین پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کا آغاز کر دیا ہے جبکہ وزارت میں جینڈر یونٹ کا قیام بھی کر دیا گیا ہے۔ خواتین پر تشدد کے 16 روزہ مہم کا باقاعدہ آغاز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جمعہ کو ایک تقریب میں کیا۔

اس تقریب کا انعقاد خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر کیا گیا ۔تقریب میں نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن (این سی ایس ڈبلیو) کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ایچ ای سی، ڈاکٹر شائستہ سہیل، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس اے ایس پی آمنہ بیگ، طلباء اور سول سوسائٹی نے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا عمل سست روی کا شکار رہتا ہے اگر خواتین کو مساوی مواقع فراہم نہ کیے جائیں اور بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی کے عمل میں خواتین کی شرکت کمزور ہے جس کے لئے یہ جینڈر یونٹ کا قیام کیا گیا ہے تاکہ خواتین کی معاشی ترقی کے عمل کو یقینی بنائے جا سکے۔

یہ مہم فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے) کے تعاون سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں 10 دسمبر تک چلائی جائے گی جبکہ وزارت کے ساتھ منسلک ینگ ڈیویلپمنٹ فیلوز (وائی ڈی ایف) عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اس پروگرام کو منعقد کرنے کے لیے تعلیمی اداروں کا دورہ کرنا شروع کر دیں گے۔ ایف آئی اے کے نمائندے سائبر کرائم قوانین اور پالیسیوں پر پریزینٹیشن دیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتےہوے وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مذہب اسلام نے خواتین کو مثالی حقوق دئیے ہیں اور ساتویں صدی کے بعد سب سے زیادہ ترقی پسند حقوق کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنایا لیکن بدقسمتی سے ان کے حقوق کی غلط تشریح کی جاتی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کہ جینڈر یونٹ خواتین کو ترقی میں شامل کرنے کی طرف ایک بہترین قدم ہے اور یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا یونٹ ہے جو خواتین کو ہر معاملے میں بااختیار بنانے میں مدد کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب اسلام نے خواتین کو وراثت کے حقوق دیئے اس وقت مغرب میں خواتین کے وراثت کے حقوق کا کوئی تصور بھی نہیں تھا۔اس موقع پر سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ اس مہم سے خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کے خاتمے کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے اور صنفی یونٹ خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک مثال ہے۔