اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی ترقی واصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی کاموں کے لئے مجموعی طورپر اب تک ایک کھرب ایک ارب 45 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے دوران ایک کھرب 85ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے سہون سیکشن کی تعمیر کے لئے 12 کروڑ، ڈی آئی خان میں انڈس ریور پر 4 رویہ پل کی تمعیر کے لئے16 کروڑ، 6 رویہ ہائی وے کالا شاہ کاکو تا لاہور کی تعمیر کے لئے ایک ارب 2 کروڑ، برہان تا حویلیاں ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے 24 کروڑ، پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ تک میٹروبس لائن کے لئے ایک ارب ، خانیوال ایکسپریس وے کے لئے 50 کروڑ، برہان تا ہکلہ موٹر وے کی تعمیر کے لئے 10 ارب، جگلوٹ تا سکردو روڈ کی تعمیر کے لئے ایک ارب 40 کروڑ، لاہور تا ملتان موٹر وے سیکشن کے لئے 16 ارب 26 کروڑ، سی پیک کے تحت اسلام آباد سے رائیکوٹ سیکشن کی تمعیر کے لئے 20 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔