اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے انٹیلیجنٹ پروجیکٹ آٹومیشن سسٹم کے تحت پی سی-III ماڈیول کو با ضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے ۔وزارت منصوبہ بندی سے جاری بیان کے مطابق پی سی-III ماڈیول یکم جولائی 2024 سے فعال ہو گیا ہے، اس منصوبے سے قبل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (پی ایم ای ایس ) کام کر رہا تھا جو کہ وزارت منصوبہ بندی میں کی حد تک محدود تھا ۔
نئے خودکار نظام کے تحت تمام متعلقہ وزارتوں/ڈویژنوں کے فوکل پرسنز اور پروجیکٹ ڈائریکٹرز اس سسٹم کے تحت اپنے تمام منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت، ڈیٹا انٹری نئے پی سی-III ماڈیول پر اپ لوڈ کر سکیں گے۔ یہ ماڈیول پی سی-I، پی سی-III-A (کیش پلان اور ورک پلان) اور پی سی-III (B) پروگریس رپورٹ کے پروجیکٹ پروفائلز کا احاطہ کرے گا۔
وزارت منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات نے تین سال پہلے اپنے منصوبے "انٹیلیجنٹ پروجیکٹ آٹومیشن سسٹم” کے تحت خودکار پی ایس ڈی پی فارمولا، پی سی-I اور پی سی-II کا آغاز کیا تھا ۔ جو کہ نئے پی سی تھری ماڈیول کے اجراء کے تحت ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔