18.2 C
Islamabad
پیر, مارچ 17, 2025
ہومقومی خبریںوزارت مواصلات کا جامع اصلاحات کا فروغ، ایک سال کے دوران علاقائی...

وزارت مواصلات کا جامع اصلاحات کا فروغ، ایک سال کے دوران علاقائی رابطوں کو مستحکم کیا گیا، وزارت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ

- Advertisement -

اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وزارت مواصلات نے گزشتہ سال کے دوران انفراسٹرکچر کی جدت، خدمات کی بہتری اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے میں قابل ذکر پیشرفت کی ہے۔ اس حوالہ سے نقل و حمل، ای گورننس اور عوامی رسائی جیسے کلیدی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے متعدد اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔حکومت کی ایک سال کے دوران کلیدی کامیابیوں میں مختلف شعبوں میں نمایاں اصلاحات اور بہتری شامل ہے۔ وزارت مواصلات نے سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں (ایس او ای ایس) ایکٹ 2023 میں ترامیم کیں، ای آفس کو مکمل طور پر اپنایا گیا اور 40 خالی پوسٹوں کو ختم کر دیا جس سے سالانہ 36 ملین روپے کی بچت ہوئی۔

علاقائی رابطوں کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے بیلاروس ، روس ، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے N-5 ہائی وے کی چوڑائی اور سڑک کی کلیدی اصلاحات کے لئے فنڈ حاصل کرنے جیسے اقدامات کے حوالے سے خاطر خواہ پیشرفت کی ہے۔ این ایچ اے نے ٹول ٹیکس کی آمدنی میں بھی 9 ارب روپے کا اضافہ کیا اور کراچی-حیدرآباد اور کھاریاں-راولپنڈی موٹر ویز سمیت کئی نئے منصوبوں کی فزیبلٹی سٹڈیز پر بھی کام جاری ہے۔نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر ویز پولیس (این ایچ اینڈ ایم پی) نے ایکسل لوڈ کنٹرول قانون کے نفاذ اور 20ہزار سے زیادہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کر کے سڑک کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

- Advertisement -

این ایچ اینڈ ایم پی نے روڈ صارفین کے لئے بہتر تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حفاظتی پروگراموں کا بھی آغاز کیا۔ اسی طرح پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ (پی پی او ڈی) نے اپنے محصولات کے اہداف کے 30 فیصد سے تجاوز کیا، محکمہ کی خدمات کو جدید بنایا گیا، ای کامرس اور ترسیلات زر کے نیٹ ورکس کو بھی بہتر بنایا گیا جس سے پاکستان پوسٹ کی کارکردگی میں اہم پیشرفت ہوئی۔ تعمیراتی ٹیکنالوجی اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (سی ٹی ٹی آئی) نے ہزاروں طلباء کو تربیت دینے میں مدد کی اور عالمی مقابلے میں تیسرا مقام حاصل کر کے بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مہارت کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ یہ کوششیں بنیادی ڈھانچے، جدید خدمت کاری اور علاقائی تعاون میں پیشرفت کو اجاگر کرتی ہیں۔

وزارت نے شہریوں اور سٹیک ہولڈرز کے لئے عوامی تعلقات اور رسائی کے مختلف پروگرامز کا انعقاد بھی کیا۔ 24 اکتوبر 2024 کو این ایچ اے نے نئے حب ریور پل کے لئے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جس میں اہم وزراء نے شرکت کی۔ مزید برآں ٹول ریٹس پر نظر ثانی ، نئے منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے میڈیا مہمات کا آغاز بھی کیا گیا۔

وزارت مواصلات نے جولائی 2024 میں سیلاب کی ہنگامی آگاہی کی مہم میں معاون کے کردار کے علاوہ موٹر ویز پر ایم ٹیگ کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے مہمات بھی منعقد کی گئیں جس کے نتیجے میں سیالکوٹ لاہور موٹر وے پر ایم ٹیگ کے استعمال کی شرح 98 فیصد تک بڑھ گئی۔ مزید برآں ملک بھر میں ایم ٹیگ کے استعمال کے فروغ کے لئے ایک نئی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573216

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں