اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وزارت موسمیاتی تبدیلی اور آغا خان فاؤنڈیشن کے مابین موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کا معاہدہ طے پاگیا، معاہدہ پر سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی عائشہ حمیرا موریانی اور قومی کمیٹی آغا خان فاؤنڈیشن کے چیئرمین امین فراست نے دستخط کیے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی کوآرڈینٹربرائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان کے موسمیاتی اور ترقیاتی اہداف کے حصول میں شراکت داری کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ کا مقصد پاکستان کے دیہی اور ساحلی علاقوں میں معاشی تحفظ اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے موسمیاتی اقدامات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے کہا کہ پاکستان کے ساحلی اور پہاڑی علاقے شدید موسمی اثرات کا شکار ہیں، ان مسائل میں گلیشئر پگھلنے، سمندری سطح میں اضافہ، زرعی مسائل اور پانی کی قلت شامل ہیں۔
رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ سندھ کے ساحلی علاقے، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے دیہی علاقے بھی موسمیاتی اثرات کاشکار ہیں۔