وزارت موسمیاتی تبدیلی اور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے درمیان سمجھوتہ طے پاگیا

132

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی)وزارت موسمیاتی تبدیلی اور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (این آر ایس پی) کے درمیان ”چیلنج فنڈ فار کلائمیٹ سمارٹ پروجیکٹ“کے قیام کے حوالے سے مفاہمت کاسمجھوتہ طے پا گیا، سمجھوتے کے تحت نیشنل رورل سپورٹ پروگرام 10 کروڑ روپے فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عرفان طارق اور نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر راشد باجوہ نے دستخط کئے۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم بھی موجود تھے۔ ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ اس یاداشت کے تحت دس بلین ٹری سونامی میں ڈرون جیسی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا جس سے وسیع پیمانے پر محیط علاقے میں شجرکاری ہوسکے گی۔ یاداشت کا مقصد ”چیلنج فنڈ فار کلائمیٹ سمارٹ پروجیکٹ “ کا قیام ہے جس کے تحت نیشنل رورل سپورٹ پروگرام، وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تعاون سے دس کروڑ روپے کا فنڈ جاری کریںگے جو کلین گرین پاکستان موومنٹ کے تحت ترقیاتی کام پر خرچ ہوگا ۔ مفاہمتی یاداشت کے تحت چیلنج فنڈ فار کلائمیٹ سمارٹ پروجیکٹ کا آغاز مارچ کے مہینے سے ہوگا اور دس بلین ٹری سونامی پروجیکٹ میں ”ڈرون“ کے ذریعے شجرکاری ہوگی۔