اسلام آباد ۔ 26 نومبر(اے پی پی)وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحت کی بہتر سہولتو ں کی فراہمی کیلئے تفصیلی سروے کیا ہے ۔ اسلام آباد میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) اور فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک کے ساتھ دوسرے بھی صحت کے مراکز ہیں جہاں پر دارالخلافہ کے رہائشیوں کو صحت کی سہولیات پہنچائی جاتی ہیں تاہم اسلام آباد کی آبادی بڑھنے کی وجہ سے صحت کی ناکافی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں نئے ہسپتالوں کے قیام کیلئے صورت حال کا مکمل تجزیہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے ایکشن پلان بھی ترتیب دیدیا ہے ۔ ڈرافٹ تیاری کے مراحل میں ہے اور جیسے ہی اس کی منظوری ہوتی ہے اسلام آباد کے شہریوں کو صحت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے گائیڈ لائنز اور ایکشن پوائنٹس سامنے لائے جائیں گے جن پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہوئے کام کا آغاز کیا جائے گا ۔ اسلام آباد کیلئے بڑے ہسپتال کے قیام کا ماڈل بنا یا گیا ہے جس میں شہریوں کی تمام صحت کی سہولیات میسر ہوں گی ۔