وزارت وفاقی تعلیم اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تعاون سے انٹرمیڈیٹ کے طلباء کیلئے تعلیمی معلوماتی میلہ شروع ہو گیا

110
Federal Ministry of Education
Federal Ministry of Education

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارنہ تربیت اور معروف اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تعاون سے انٹرمیڈیٹ کے طلباء کیلئے تعلیمی معلوماتی میلہ شروع ہو گیا ہے جو 14 ستمبر تک جاری رہے گا۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر منعقد ہونے والے تعلیمی میلے کے پہلے روز پیر کو معروف یونیورسٹیوں کے نمائندوں نے طلباء کے ساتھ انٹر ایکٹو سیشنز کئے۔ تعلیمی میلے کا مقصد سرکاری کالجوں کے انٹرمیڈیٹ طلباء کو یونیورسٹیوں میں داخلہ کی اہلیت کے معیار ، سکالرشپ کے مواقع اور ٹیسٹ کی تیاری کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

اس میلے کا اہتمام وزارت تعلیم نے طلباء کی درخواست پر کیا ہے جس میں اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیوں نسٹ، فاسٹ، آئی بی اے، آئی سی ایم اے، کپس، جی آئی کے آئی، این سی اے، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائننگ، لمز، کامسیٹس، زیبسٹ اور پیاس شامل ہیں۔ تعلیمی میلے کے پہلے روز طلباء کی ایک بڑی تعداد نے پرجوش انداز میں شرکت کی۔

میلے میں اعلیٰ تعلیم کے منظرنامہ میں قابل رسائی اور شفاف معلومات کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی میلے کے انعقاد سے طلباء اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان خلیج کو پر کرنے میں مدد ملے گی اور طلباء اپنی اہلیت اور خواہش کے مطابق ان اداروں میں داخلہ لینے کے اہل ہو سکیں گے۔