اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):موجودہ حکومت کے پہلے ایک سالہ دور میں وزارت پارلیمانی امور نے مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے قومی اسمبلی سے 30 جبکہ سینیٹ سے 27 بل منظور کرائے، گڈ گورننس کیلئے عوامی شکایات کے نظام کو متعارف کرایا گیا جس کے ذریعے 94 فیصد عوامی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق وزارت پارلیمانی امور نے ایک سالہ دور میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے مجموعی طور پر 57 بل منظور کرائے جن میں سے 30 قومی اسمبلی اور 27 سینیٹ سے ہیں۔
وزیر پارلیمانی امور کی ہدایت کی روشنی میں عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے ایک جامع فریم ورک اور حکمت عملی کے تحت شکایات ازالہ سیل قائم کیا گیا، اس نظام کے تحت ایک سالہ دور میں 94 فیصد عوامی شکایات کا بروقت اور خوش اسلوبی سے ازالہ کیا گیا۔ وزیراعظم شکایات ونگ کامیابی کے ساتھ اپنا کام کر رہا ہے، اس کے ذریعے آئی ٹی گریجویٹس کے مسائل حل کئے گئے اور انہیں سہولت فراہم کی گئی۔ اسی طرح کمبوڈیا میں قیدیوں کی محفوظ وطن واپسی کو یقینی بنایا گیا۔
ریڈیو کے پنشنرز کی پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کی شکایت کا نوٹس لیا گیا اور بروقت ادائیگی یقینی بنائی گئی۔ وزارت نے عوامی شکایات پر اٹھائے گئے خدشات کا بروقت جواب دیا۔ اسی طرح وزارت پارلیمانی امور کے تحت کام کرنے والے وزیراعظم شکایات ونگ کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں وزارت نے ثابت قدمی دکھائی اور اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کیا۔
خواتین کو قومی دھارے میں لانے اور صنفی امتیاز کے خاتمہ کیلئے وزارت پارلیمانی امور نے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی کے ساتھ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ان معاملات کو زیر بحث لانے اور شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ وزارت پارلیمانی امور نے ان معاملات پر دونوں ایوانوں کی پارلیمانی کمیٹیوں کے قیام کیلئے بھی اپنا موثر کردار نبھایا ہے۔
واضح رہے کہ وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے عوامی شکایات کے مؤثر ازالہ سے عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ وزارت پارلیمانی امور نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شکایات کے مؤثر ازالہ کی روش کو برقرار رکھا جائے گا اور ان شکایات کے ازالہ کی فراہمی کیلئے فیصلہ کن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ قومی امور میں زیادہ سے زیادہ شفافیت اور اس سلسلہ میں شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا اور اس کی ویب سائٹس کے ذریعے وزارت پارلیمانی امور نے گرانقدر اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے سہ ماہی بنیادوں پر نیوز لیٹر کے علاوہ ایک سالہ کارکردگی کے حوالہ سے ایئر بک 2023-24ء بھی جاری کی گئی ہے جس میں ملک کے شہریوں کیلئے اب تک وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور حاصل کی جانے والی کامیابیوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ وزارت پارلیمانی امور قانون سازی کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنے، شکایات کے ازالہ کے میکنزم اور اس سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے بھی مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574697