اسلام آباد ۔ 11 مئی (اے پی پی) وزارت پارلیمانی امور نے پیر 15 مئی کو شام پانچ بجے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لئے سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی ہے۔ وزارت پارلیمانی امور کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 15 مئی کو شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں طلب کیا جائے گا۔ چوتھے پارلیمانی سال کا یہ آخری سیشن ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت پارلیمانی سال کے 130 دن پورے کرنا لازمی ہے۔ چوتھے پارلیمانی سال کے پانچ دن ابھی باقی ہیں جنہیں اس سیشن کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔ اس کے بعد بجٹ سیشن طلب کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ قومی اسمبلی کے پانچویں اور آخری پارلیمانی سال کا آغاز ہو جائے گا۔