330 میگاواٹ پون بجلی اور 680 میگاواٹ جوہری توانائی پر مشتمل ایک ہزار میگاواٹ توانائی کے 9 منصوبے افتتاح کیلئے تیار ہیں
وزارت پانی و بجلی کی طرف سے وزیراعظم محمد نواز شریف کو بریفنگ
اسلام آباد ۔ 14 ستمبر (اے پی پی) وزارت پانی و بجلی کی طرف سے وزیراعظم محمد نواز شریف کو آگاہ کیا گیا کہ 330 میگاواٹ پون بجلی اور 680 میگاواٹ جوہری توانائی پر مشتمل ایک ہزار میگاواٹ توانائی کے 9 منصوبے افتتاح کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم آفس سے بدھ کو جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو آگاہ کیا گیا ہے کہ فیسکو اور آئیسکو کے موبائل میٹر ریڈنگ منصوبے کے ساتھ ساتھ آئیسکو کا کسٹمر رسپانس سسٹم بھی افتتاح کیلئے تیار ہے۔ پون بجلی کے منصوبے جن کا رواں سال اکتوبر تک وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے افتتاح کیا جائے گا۔ ان منصوبوں میں یونس انرجی (50 میگاواٹ)، میٹرو پاور (50 میگاواٹ)، ماسٹر انرجی (50 میگاواٹ)، اقبال انرجی (30 میگاواٹ)، ہائیڈرو چائنہ داﺅد (50 میگاواٹ) اور تناگا جنراسی (50 میگاواٹ) شامل ہیں۔ جوہری توانائی کے منصوبے جن کا افتتاح اکتوبر 2016ءاور مارچ 2017ءتک کیا جانا ہے، میں بالترتیب چشمہ تھری 340 میگاواٹ اور چشمہ فور 340 میگاواٹ کے منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعظم کو ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا جن کا سنگ بنیاد رکھا جانا ہے ان میں 250 کلومیٹر کی 500 کے وی کی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن اینگرو تھر سے مٹیاری اور مٹیاری سوئچنگ سٹیشن سے بیاس تک دو لائنیں شامل ہیں۔ 250 کلومیٹر لائنوں ایل او ٹی۔I (110 کلومیٹر) اور ایل او ٹی۔II (140 کلومیٹر) کے ٹھیکے بالترتیب 9 دسمبر 2015ءاور 3 جون 2016ءکو دیئے جا چکے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=19650