لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):وزارت پاور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد لیسکو صارفین کو بجلی بلوں ودیگر معاملات میں درپیش مسائل کا فی الفور ازالہ کرنا ہے۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں خصوصی کچہریاں لگائی جارہی ہیں، میڈیا اور پینا فلیکسز کے ذریعے بھی عوام کو اس بارے پیشگی اطلاع دی جارہی ہے جبکہ تمام ایس ڈی اوز اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی سب ڈویثرنز میں کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنا رہے ہیں اور ایس ایز وایکسئین ان کچہریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کھلی کچہریوں میں مختلف نوعیت کی کل1151شکایات موصول ہوئیں جس میں سے1146شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا۔ترجمان کاکہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو خود بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ کھلی کچہریوں کا سرپرائز وزٹ کر رہے ہیں۔ کھلی کچہریوں میں آنے والے صارفین نے لیسکو کے اس عمل کا خیر مقدم کیا اورامید ظاہر کی کہ لیسکو آئندہ بھی صارفین کی سہولت کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔