اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وزارت پٹرولیم نے تیل و گیس کی تلاش کے لیے مزید 6 بلاکس کے لائسنس جاری کر دیئے ہیں، اس سلسلہ میں دستخطوں کی تقریب جمعہ کو منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے بھی شرکتِ کی۔اس سلسلہ میں سیکرٹری پٹرولیم اسد حیاالدین اور ڈائرئکٹر جنرل پٹرولیم کنسیشنز عبدالجبار میمن نے حکومت پاکستان جبکہ او جی ڈی سی ایل کے مینجنگ ڈائریکٹر شاہد سلیم خان ، مینجنگ ڈائریکٹر این سی پی ایل فہیم حیدر اور مینجنگ ڈائریکٹر پی پی ایل معین رضا خان نے اپنی اپنی کمپنیوں کی طرف سے دستخط کئے۔
جن بلاک کے لئے لائسنس جاری کئے گئے ہیں ان میں قلعہ سیف اللہ، شاران ، سجاول سائوتھ، جہلم کے دو بلاک شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پٹرولیم کنسیشنز نے بتایاکہ تین سال کی مدت میں کمپنیاں 2کروڑ 46 لاکھ سے زائد کی سرمایہ کاری کریں گی اور ہر بلاک میں سالانہ کم از کم 30 ہزار ڈالر سماجی بہبود کی سکیموں پر خرچ کئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ ایکسپلوریشن سرگرمیوں سے ملکی آئل و گیس کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ ای اینڈ پی کارروائیوں سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو ں گے۔
انہوں نے کہا کہ تین سالانہ ایکسپلوریشن سرگرمی کے دوران کمپنیاں 24.68 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔ وزارت کے مطابق 3 آئل و گیس کے بلاکس او جی ڈی سی ایل نے حاصل کئے ۔2 آئل و گیس بلاکس کا ایکسپلوریشن لائسنس اوجی ڈی سی ایل اور ماڑی پٹرولیم نے اشتراک سے حاصل کیا۔1 آئل و گیس بلاک میں او جی ڈی سی ایل اور پاکستان پٹرولیم کمپنی کی پارٹنر شپ ہے۔ ایکسپلوریشن کمپنیاں سالانہ خطیر رقم ہر بلاک میں سوشل ویلفیئر منصوبوں پر خرچ کرنے کی بھی پابند ہوں گی۔