اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس نے الاٹمنٹ آ ف ٹمپریری اکاموڈیشن ان فیڈرل لاجز اینڈ ہاسٹل رولز 2025 کا اجراء کر دیا ۔وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان کے مطابق ان قواعد کا مقصد رہائش کی الاٹمنٹ کو منظم کرنا اور احتساب کو برقرار رکھتے ہوئے فیڈرل لاجز اور ہاسٹلز میں بہتر کارکردگی کو یقینی بنانا ہے۔ ان قوانین کے تحت شیڈول میں متعین تمام لاجز اور ہاسٹلز کا انتظام متعلقہ انتظامی ڈویژن کرے گا ۔
ابتدائی الاٹمنٹ کی مدت 3 سال مقرر کی گئی ہے جس کی فراہم کردہ وجوہات پر انحصار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ 2 اضافی سال تک سالانہ بنیادوں پر توسیع ہو سکے گی۔ اس کا اطلاق بیچلر اور سنگل رومز دونوں پر لاگو ہوتا ہے۔ترجمان نے بتایاکہ الاٹمنٹ قوانین کے عملی خاکے کے مطابق الاٹمنٹ خالصتاً پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر ہوگی اور الاٹیز اپنے قیام کے دوران ہونے والے کسی بھی نقصان کا ازالہ کریں گے اور اس طرح کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔
قواعد و ضوابط میں احاطہ کردہ دیگر اہم دفعات کیٹرنگ اینڈ سپلائیز ، ڈیکورم، الاٹیز کے لئے کسی بھی واجبات کو وقت پر ادا کرنے اور شکایات کے لئے ایک رجسٹر کی دستیابی سے متعلق ہیں۔ اس کے علاوہ الاٹمنٹس کی منسوخی اور بے دخلی کے طریقہ کار کی وضاحت بھی کی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589745