لاہور۔30مارچ (اے پی پی):وزرا پنجاب خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے سندس فاونڈیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھیلی سیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں کی عیادت کی اور ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزرا نے زیر علاج بچوں میں عید کی مناسبت سے تحائف اور عیدی تقسیم کی جس سے بچوں کے چہروں پر خوشی دیکھنے کو ملی۔ خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندس فاونڈیشن کی خدمات دیکھ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے اور وہ اس فلاحی ادارے کے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں کہا کہ آج سے ستائیس سال قبل منو بھائی نے جو پودا لگایا آج ایک تن آور درخت بن چکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تھیلی سیمیا سینٹرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ خواجہ عمران نذیر نے جھوٹی خبروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف غلط خبریں پھیلانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ایسی خبروں سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن جھوٹ بولنے والا شخص خود چھوٹا ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کسی بھی شہری کو روتا دیکھ کر خاموش نہیں رہ سکتیں اور ہمیشہ لوگوں کی مدد کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور محکمہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے بھی سندس فاونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ہزاروں بچوں کے لیے ایک چھتری کی مانند ہے جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے منو بھائی مرحوم کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندس فاونڈیشن ان کی کوششوں کی بدولت ایک کامیاب فلاحی ادارہ بن چکا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں اور جلد ہی وہ بہتری آئے گی جس کا سب کو انتظار تھا۔ اس موقع پر سندس فاونڈیشن کے پیٹرن سہیل وڑائچ، صدر یاسین خان، ڈائریکٹر خالد عباس ڈار، سی او او عبدالستار، ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر عدنان گیلانی، ایڈمنسٹریٹر محمد یعقوب، ڈائریکٹر فنانس علی رف اور مینیجر پی آر اینڈ میڈیا عمران مہر سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی موجود تھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577420