اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورنوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان (آج) بدھ کو سیالکو ٹ کا دورہ کریں گے جہاں پر سیال ائیر لائن کے افتتاح ، 117ارب کے ترقیانی منصوبوں کا اعلان کرینگے ۔ منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم سیالکوٹ کے دورہ میں متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اسکے ساتھ ساتھ کلین گرین پاکستان منصوبے کے تحت 5 نئے پارکس قائم کئے جائیں گے ، پہلے مرحلے میں 4 لاکھ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا ،ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ٹریفک ری انجینئرنگ منصوبہ شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف میں اگر اخلاقی جرأت ہے تو استعفیٰ دیں اور مقابلہ کریں،اپوزیشن ملکی معیشت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے جلسے کر رہی ہے۔