وزیراعظم آزادکشمیر کا نگران وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ کی اقوام متحدہ میں تقریر کا خیر مقدم

147

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ کی اقوام متحدہ میں تقریر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نے عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے ۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے

،نگران وزیراعظم پاکستان نے عالمی فورم کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کا کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل کرائے ،بھارت ایک عرصے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے رو گردانی کر رہا ہے ،بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے کو نہیں مانتے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کو واضح کرایا کہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ۔