مظفر آباد۔ 13 مئی (اے پی پی):وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بھمبر کا دورہ کیا،انہوں نے لائن آف کنٹرول پربھارتی جارجیت اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر)وقار احمد نور، وزرائے حکومت چوہدری اظہر صادق اور نثار انصر ابدالی بھی موجود تھے ، انہوں نے وارڈز کا معائنہ کیا،طبی امداد،خون کے عطیات،ادویات کے سٹاک و دیگر امور کا جائزہ لیا،زخمیوں کے لواحقین نے وزیر اعظم آزادکشمیر کے دورے کو سراہا ۔
وزیر اعظم چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں وہ اور انکے وزرا ء عوام میں موجود ہیں، بطور مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ زندگی اورموت اللہ کے ہاتھ میں ہے ،حکومت متاثرین کوفوری معاوضہ جات دے رہی ہے۔انہوں نے شہداء کے درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔ انہوں نے بھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اورعوام کا حوصلہ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن دہشت گرد بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹرمحمد منصور چوہدری نے دوران بریفنگ بتایا کہ بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کاعلاج معالجہ جاری ہے،حکومت آزادکشمیر کی ہدایت پر ہمہ وقت الرٹ ہیں ،ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف،سرجنز ،جملہ ہسپتال عملے کے ہمراہ الرٹ،مختلف اوقات کارمیں مریضوں کی خود نگہداشت کر رہے ہیں،ہسپتال میں اضافی بیڈز،عملہ ،ادویات کا سٹاک،خون کے عطیات ،مشینری موجود ہے،اسکے علاوہ ایم ایس نے بتایاکہ سول ملٹری اشتراک و باہمی لیزان سے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو ہمہ وقت ہنگامی صورتحال میں دستیاب ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596559