وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

56

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امددای سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لئے ہمیں جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہے، ہر متاثرہ شخص تک امدادی سامان پہنچنا چاہیے۔ یہ ہدایات انہوں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں وزرائ، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز و انتظامی آفیسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لئے ہمیں جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہے، تمام محکمہ جات الرٹ رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فوری فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں، امدادی سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کر کے فراہم کی جائے، ہر متاثرہ شخص تک امدادی سامان پہنچنا چاہیے۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کل تک سو فیصد علاقوں کو بجلی کی بحالی مکمل کر لی جائیگی۔ اجلاس کو سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کل سے نقصانات کا تخمینہ مرتب کرنے کا کام شروع ہو جائے گا، نقصانات کا تخمینہ مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ تصویری و ویڈیو ریکارڈ مرتب کیا جائیگا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرنقصانات کا تخمینہ مرتب کرنے کے لیے پرفارمہ جاری کردیا گیا ہے، دو دن تک ابتدائی تخمینہ مرتب کرلیا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا فوری تخمینہ لگایا جائے، ریلیف کی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور بحالی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے لیے حکمت عملی فوری ترتیب دی جائے، متاثرہ علاقوں میں ذرائع آمدورفت یقینی بنانے کے لیے سڑکوں کی بحالی کے عمل کو تیز تر کیا جائے، تعمیر نو کے لیے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں رائج بلڈنگ کوڈز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے