وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا تقریب سے خطاب

157

اسلام آباد/مظفر آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بین الاقوامی سطح بالخصوص اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر کاز کی بھرپور ترجمانی کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک تنازعہ کے حل تک جاری رہے گی اور کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔ وہ منگل کو آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت میں ایل او سی کی طرف وکلاءمارچ کی مناسبت سے اے جے کے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے مخلصانہ کوششوں اور کامیاب پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس منعقد کرنے کا سہرا وزیراعظم نواز شریف کے سر جاتا ہے جس سے سرحد کے پار یہ واضح پیغام گیا کہ دشمن کے خلاف پاکستانی سیاسی جماعتیں متحد اور یکجا ہیں۔