وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا ”حق خودارادیت، تنازعہ کشمیر کا واحد حل“ کے موضوع پر منعقدہ تقریری مقابلہ کے فائنل راﺅنڈ سے خطاب

107

اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ ایک جمہوری اور اقتصادی اعتبار سے مستحکم پاکستان کشمیریوں کا حقیقی وکیل ہو سکتا ہے، ہم نے کشمیر کے حوالے سے جامع پالیسی تشکیل دی ہے، آزاد کشمیر میں میرٹ کو فروغ دیں گے، تحریک آزادی کشمیر، گڈگورننس اور آزاد کشمیر میںپائیدار ترقی ترجیحات ہیں، ہمیں آزاد کشمیر میں برادری، علاقائیت سے بچنا ہو گا، کشمیر پر تقریری مقابلے آزاد کشمیر کے کالجزکی سطح پرمنعقد کرائیں گے۔ وہ پیر کو یہاں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں کشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام ”حق خودارادیت، تنازعہ کشمیر کا واحد حل“ کے موضوع پر منعقدہ انٹریونیورسٹی تقریری مقابلہ کے فائنل راﺅنڈ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل ادریس عباسی، غلام محمد صفی، فیض نقشبندی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔