مظفر آباد۔ 12 مئی (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے برنالہ میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور پاک فوج کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا ،بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پرپاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے پاکستان زندہ باد ،پاک فوج ,زندہ باد کے نعرے لگائے ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا ، انہوں نے پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کیا اور دفاع وطن کے لئے ان کے عزم اور جذبہ کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی سرحدوں کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا اور آپریشن ”بنیان مرصوص” کا جوابی وار کر کے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر اس پوری جنگ کے دوران بھارت کے اعصاب پر چھائے رہے ،ہماری ائر فورس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بھی پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور ان کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر انہیں تباہ کر دیا جبکہ بھارت نے مسلسل شہری آبادی اور املاک پر حملہ کیامگر ہمارے بہادر لوگوں نے جرات کے ساتھ بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو چوبیس گھنٹوں کے اندر امدادی رقوم کی ادائیگی کو یقینی بنایا گیا جبکہ اس دوران ادارے مکمل طور پر چوکس رہے اور چوبیس گھنٹے کام کیا ۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ پورے آزادکشمیر کے ایل او سی کا دورہ کر کے نقصانات کا خود جائزہ لوں گا اور ان کا ازالہ کیا جائے گا ۔وزیراعظم آزاد کشمیر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے جنید اقبال اور ان کی والدہ شمیم بی بی کے گھر گئے اور لواحقین سے اظہار تعزیت اور شہداء کے بلندی درجات کی دعا کی ۔
اس موقع پر بریگیڈئر عمر ،موسٹ سینئر وزیر وقار احمد نور ،وزراء حکومت چوہدری اظہر صادق ،نثار انصر ابدالی بھی ہمراہ تھے ، بعدازاں چوہدری انوارالحق اپر بانیاں برنالہ میں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے سید ہارون اور سید ارتضیٰ کی رہائش گاہ گئے، اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر انہوں نے لواحقین کو امدادی چیک بھی دیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596243