وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیری عوام کی قسمت بدلنے، گڈگورننس اور انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے جامع ترقیاتی منصوبہ کا اعلان کردیا

136

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کشمیری عوام کی قسمت بدلنے، گڈگورننس اور انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے جامع ترقیاتی منصوبہ کا اعلان کردیا ہے۔ منگل کو ایک انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ تعلیم، صحت انفراسٹرکچر کی ترقی اور گڈگورننس نئی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں کیونکہ یہ شعبے گزشتہ حکومت کے دوران مکمل طورپر تباہ کردیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی دلچسپی کے تمام شعبوں کی بہتری اور لوگوں کو ان کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا تہیہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ فرسودہ نظام بدلنے کے لئے اہم سیکٹرز میں مخصوص اصلاحات کی ضرورت ہے، آزاد کشمیر میں مناسب تعلیمی اور صحت پالیسی کے ذریعے تعلیمی ادارہ اور صحت کے مراکز میں بہتری کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کے لئے اساتذہ کی بھرتیاں، این ٹی ایس کے ذریعے کی جائیں گی۔ اور ہسپتالوں میں نئی ایمرجنسی سروسز کا آغاز کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گڈگورننس ان کی اولین ترجیح ہے۔