33.2 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے راجہ نجابت حسین سے ملاقات

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے راجہ نجابت حسین سے ملاقات

- Advertisement -

مظفر آباد۔ 30 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سےجموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چئیرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) نے جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر آزاد جموں وکشمیر کی وزیر برائے سمال انڈسٹریز محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی بھی موجود تھیں۔اس موقع پر وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ وہ نہ صرف بجٹ کے بعد برطانیہ اور یورپ کا دورہ کریں گے بلکہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ پوری ریاست جموں وکشمیر کے نمائندہ وزیر اعظم کی حیثیت سے وہ نہ صرف یورپ اور برطانیہ میں کشمیریوں کو متحرک کرنے کے لئے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے پروگرام کامیاب کروانے کے لئے خود آئیں بلکہ اس میں کشمیری تنظیموں، کشمیری راہنماؤں، کونسلروں، برطانوی ممبران پارلیمنٹ، انسانی حقوق کے متحرک کارکنان و اداروں کو منظم کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کو اولین ترجیح دیتی ھے اور مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں آزاد جموں وکشمیر کے تمام مکاتب فکر کے اکابرین کو ساتھ لے کر چلیں گے تا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام پر آج کل جو حالات چل رھے ہیں ان کے مطابق کشمیریوں کا نقطہ نظر عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد مل سکے، اس وقت مقبوضہ کشمیر میں جس انداز میں بھارت نے ظلم و ستم ایک مرتبہ پھر زور و شور کےساتھ شروع کر دیا ہے، اس ظلم کے خلاف جاندار آواز کو پوری دنیا میں پہنچانے کےلئے پوری دنیا میں بسنے والے کشمیریوں کا پہلے بھی ایک کلیدی کردار رہا ہے اور میں توقع کرتا ہوں کہ تمام کشمیری سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ریاست جموں وکشمیر کی آزادی، پاکستان کے استحکام اور اپنے وطن کے اندر تعمیر و ترقی میں اپنی معاونت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک اپنے اسلاف کی قربانیوں، نظریات اور تحریک تکمیل پاکستان کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

- Advertisement -

اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے اپنی تحریک کے پروگراموں اور گزشتہ عرصہ میں ہونے والی سرگرمیوں جن میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ، برطانوی سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں اور انسانی حقوق کے مختلف اداروں اور شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہیں کہ بارے میں وزیر اعظم کو تفصیل طور پر آگاہ کیا اور کہا کہ جس طرح آزاد جموں وکشمیر کی حکومت بھی وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی قیادت میں متحد و متفق ہو کر دبنگ انداز میں آزاد جموں و کشمیر کو کشمیریوں کی آزادی کے بیس کیمپ کے طور پر اہم کردار ادا کررہی ھے اس سے محسوس ہو رہا ہے کہ بیس کیمپ میں تبدیلی آ چکی ھے اور اس اہم تبدیلی سے اوورسیز کشمیری ناصرف مطمئن ہیں بلکہ ہماری توقع ہے کہ اپ ہمارے پاس برطانیہ، یورپ اور دیگر ممالک میں آ کر بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہماری معاونت و سرپرستی فرمائیں۔

اس موقع پر وزیر حکومت محترمہ پروفیسر تقدیس گیلانی نے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ھے اور راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم خصوصاً خواتین ونگ انتہائی متحرک انداز میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس پوری دنیا میں اجاگر کرنے میں مصروف عمل ہیں اور اپنے اپ کو پوری دنیا میں اور آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان کے بلا معاوضہ سفیر کی حیثیت سے پیش کرتے چلے آ رہے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590421

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں