مظفر آباد۔ 08 مئی (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ہندوستان کے بزدلانہ حملے سے متاثر ہونے والی بلال مسجد کا دورہ کیا اور شہید ہونے والی مسجد سے متصل مکان میں نماز مغرب ادا کی اورنقصانات کا جائزہ لیا۔وزیراعظم نے ممکنہ بھارتی آبی جارحیت کا جائزہ لینے کیلیے دریائے نیلم کا دورہ بھی کیا اور صورتحال خود مانیٹر کی ۔
موسٹ سینئر وزیر وقار احمد نور، وزراء حکومت چوہدری اظہر صادق،عبدالماجد خان، اکبر ابراہیم اور محمد اکمل سرگالہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعظم نے بلدیہ ہال میں بھارتی بزدلانہ حملے سے متاثرہ افراد سے بھی ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہا ۔
س موقع پر وزیراعظم کو متاثرین کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں وزیراعظم شہر کے مختلف حصوں میں گئے جن میں اپر اڈہ ، بلدیہ ہال اور لال چوک شامل تھے ۔انہوں نے اپر اڈا سے متصل شاہ عنایت کے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی۔وزیراعظم شہریوں میں گھل مل گئے ،شہریوں نے وزیراعظم کو اپنے درمیان پاکر مسرت کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر پاکستان ژندہ باد ،پاک فوج زندہ باد ،تحریک آزادی کشمیر زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔وزیراعظم سپورٹس کمپلیکس بھی گئے اور سپورٹس کمپلیکس میں بیڈ منٹن کورٹس اور جم میں جدید مشینیں فراہم کرنے کے لیے ہدایات جاری کیں.دریں اثنا وزیراعظم نے بھارت کی طرف سے کسی ممکنہ آبی جارحیت کے خدشے کے پیش نظر دریائے نیلم کا دورہ کیااور دریائے نیلم کے کنارے کھڑے ہو کر پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا،انہوں نے دریائے نیلم کے کنارے کھڑے ہو کر کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594630