وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی ملاقات

343
Prime Minister of Azad Kashmir

مظفرآباد۔29فروری (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال،آزادکشمیر میں تعمیر وترقی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی کیوں کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک اہم موڑ میں داخل ہو چکا ہے، اس سلسلے میں ہمیں آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور انداز میں اپنا رول ادا کرنا ہے اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر ایک موقف اپنانا ہو گا

،ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی یقین دلاتے ہیں کہ ہم عالمی سطح پر بھرپور انداز میں ان کی آواز دنیا تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاتفریق احتساب اور آزاد کشمیر کوترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، ریاست کے عوام کو روزگار کی فراہمی خطے کی تعمیر وترقی وخوشحالی اور عوام کا معیارزندگی بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہر شخص کو ریاست میں تبدیلی نظر آئے گی عوام بہت جلد پولیس، انتظامیہ اور دیگر شعبوں میں بہتری دیکھیں گے۔ ریاست کے عوام کی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ تحریک آزادی کیلیے حکومت کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔انہوں نے وزیراعظم کے گڈ گورننس اقدامات کو بھی سراہا اور اتحادی جماعت کے طور پر اپنی بھرپور مدد اور حمایت کا یقین دلایا۔