وزیراعظم آزاد کشمیر کاشہری آبادیوں میں برساتی نالوں کے قدرتی راستوں کی صفائی کا حکم

33

مظفر آباد۔ 02 جولائی (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نےمون سون کے پیش نظر شہری آبادیوں میں واقعہ برساتی نالوں کے بہاؤ کے قدرتی راستوں کی صفائی مہم کے احکامات جاری کردئیے ہیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن مظفر آباد مشترکہ آپریشن سے نالوں اور برساتی پانی کی قدرتی گزرگاہوں کی صفائی یقینی اےبنائیں، شہریوں میں آگاہی مہم کو تیز کیا جائے ، ادارےمتحرک رہیں ، شہریوں کو برساتی نالوں اور بارش کے دوران پانی کے بہاؤ کی قدرتی گزرگاہوں سے دور رکھا جائے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی جانب سے مشترکہ طور پر پانی کی قدرتی گزرگاہوں کی صفائی کےلئے ہیوی مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے۔اس اثنا میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے صفائی مہم کی پراگریس کا جائزہ لیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت بھی کی ہے

جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے صفائی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے نگرانی کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں مون سون کے دوران چیلنجز سے نمبردآزماء ہونے کے لئے شہریوں کو پانی کی قدرتی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔