اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے متاثرہ کھوئی رٹہ، تتہ پانی، نکیال سیکٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مودی اور اس کے حمایتیوں کے متحدہ ہندوستان کے نظریئے کے راستے میں پاکستان رکاوٹ ہے، پاک فوج کے ساتھ مل کر پرانے حساب بھی بھارت سے چکائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق راجہ فاروق حیدر خان نے کنٹرول لائن کے سیکٹر تتہ پانی اور نکیال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر کمشمیریوںکا سلام پیش کرتے ہیں، پاک فوج ہمارا مان ہیں، کشمیری پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں،کنٹرول لائن پر بسنے والے افراد کے لئے وفاقی حکومت کے تعاون سے منصوبہ منظور ہوچکا ہے بھارت نے اگر جارحیت کی تو آزاد کشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنادیں گے، بھارت نے جنگ مسلط کی تو پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے، کنٹرول لائن پر بسنے والے افراد کے حوصلوں اور جذبوں کو سلام پیش کرتے ہیں، انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے ایک خاتون شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ کنٹرول لائن کے دورے کا مقصد یہاں کھڑے رہنے والوں کو سلام پیش کرنا اور ان کے حوصلے کی داد دینا ہے جبکہ ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔ کشمیریوں کے عزم آزادی نے ہندوستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت ایک پلیٹ فارم پر ہے۔ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر سنائپر گن سے معصوم بچوں کو نشانہ بناتی ہے، ہمارا دشمن بہت پست ذہنیت کا حامل اور بزدل ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں بھی آزادی کے قافلے میں ادنیٰ سپاہی ہوں جب وقت آئے آئے گا تو سب سے پہلے ہوں گے۔