برسلز ۔ 9 نومبر (اے پی پی) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میںکشمیر یورپی یونین ویک کے موقع پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کانفرنسوں اور سیمینارز میں شرکت کے علاوہ پاکستانی نژاد رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد کریم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجہ فاروق حیدر نے یورپی یونین کیلئے اقوام متحدہ کے قائم مقام نمائندہ پال ڈی اوچامپ سے ملاقات کی اور انہیںمقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر جو کشمیر یورپی یونین ویک کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہیں، نے ملاقات کے دوران عالمی ادارے کے نمائندہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی حالیہ رپورٹ پر گفتگو کی۔ ملاقات میں کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سیّد اور کشمیر گلوبل کونسل کے چیئرمین فاروق صدیقی بھی موجود تھے۔