مظفر آباد۔29مئی (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت آزادکشمیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کا اجلاس ایوان وزیراعظم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں دیوان علی خان چغتائی،فیصل ممتاز راٹھور،چوہدری عامر یاسین،جاوید اقبال بڈھانوی،وزیر اطلاعات مظہر سعید،سیکرٹری مالیات اسلام زیب، انسپکٹر جنرل پولیس عبدالجبار،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو لیاقت حسین،پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم ظفر محمود خان سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی راجہ طاہر ممتاز نے شرکاء کو ایس ڈی ایم اے کے بجٹ،قدرتی آفات کے دوران فرائض کی انجام دہی کے حوا لے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں کمیشن نے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ سے ریلیف آئٹم کی خرید کی منظوری دی جبکہ کمیشن نے محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی دوران ڈیوٹی فوت ہونے پر ڈیتھ پیکیج دینے کی بھی منظوری دی ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایس ڈی ایم اے کے ملازمین کو ہمہ وقت تیار رہنے کے لئے ٹریننگ اور ریفریشر کورسز کروانے کا اہتمام کیا جائے تاکہ یہ لوگ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹ سکیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ترجیحی بنیادوں پر میرپور اور مظفرآباد کی سسمک سٹڈی بھی کروانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ریسکیو کے اداروں کو مزید مشینری فراہم کریں گے تاکہ کسی بھی قدرتی آفت کے دوران بہتر طریقے سے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مشینری اور ریلیف آئٹم کی خرید اری ٹینڈرنگ کے ذریعے کی جائے تاکہ اس میں مکمل شفافیت ممکن بنائی جا سکے۔