وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے پر عزم ہیں،نگران صوبائی وزیر اطلاعات

149
جان اچکزئی

کوئٹہ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔مستونگ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ صوبے میں سوگ کا آج تیسرا دن ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فوراً بلوچستان کا دورہ کرکے شہداء کے لواحقین سے تعزیت و زخمیوں کی عیادت کی۔

صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف آرمی چیف کے واضع مؤقف کی تائید کرتی ہے ۔ اتوار کو اپنے بیان میں نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ حکومت بلوچستان وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی قیادت میں متحرک ہے۔ لاء اینڈ آرڈر کی بحالی کیلئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔دہشتگردوں و سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

آرمی چیف کے وژن کے مطابق بلوچستان کی سکیورٹی کو مستحکم بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ بلوچستان سے گزرتا ہے۔بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔آرمی چیف کے اس عزم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ ہم مستونگ واقعے میں ضائع ہونے والی ہر جان کا بدلہ لیں گے۔انہوں نے فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہمارا عزم ہزار بار مضبوط و مستحکم ہے۔فورسز کے حوصلے بلند ہیں۔ کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔