
اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کمپنیوں کو کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی دورانِ کار حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت ہفتہ کو بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کوئلے کی کان کن کمپنیوں کے وفد سے ملاقات میں کہی۔
وفد نے وزیرِ اعظم کے بلوچستان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کرنے کے ویژن پر انہیں خرج تحسین پیش کیا۔وفد نے وزیرِ اعظم کو بلوچستان میں کوئلے کی کان کنی کی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے وفد کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیرِ اعظم نے کمپنیوں کو کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی دورانِ کار حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی اورکہاکہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے، کان کنی میں بین الاقوامی معیار کو ملحوظِ خاطر رکھے بغیر ان معدنیات سے مطلوبہ فوائد حاصل نہیں کئے جا سکتے۔
وزیراعظم نے کہاکہ کو ئلے کی کانوں میں مزدوروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔ اجلاس میں نگران وفاقی وزرا ء سرفراز احمد بگٹی، شاہد اشرف تارڑ، سمیع سعید، نگران وزیرِ اعلی بلوچستان علی مردان ڈومکی، صوبائی وزرا بلوچستان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔